ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا الوداعیہ

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا الوداعیہ

Sun, 24 Jul 2022 11:10:53    S.O. News Service

نئی دہلی ،24؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)صدارتی عہدے سے سبکدوش ہو رہے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پارلیمنٹ کی جانب سے الوداعیہ پیش کیا گیا۔ الوداعی تقریب کا اہتمام راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے دونوں ایوانوں نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ پارلیمنٹ میں صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو، پی ایم مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت تمام سینئرزسیاستداں موجود تھے۔ تاہم سینٹرل ہال میں منعقدہ اس الوداعی تقریب میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی موجود نہیں تھے۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پروگرام کے آغاز میں خطاب کیا اور پھر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو یادگاری نشان پیش کیا۔ اس کے بعد سبکدوش ہونے والے صدر رام ناتھ کووند نے پارلیمنٹ میں الوداعی تقریر کی۔ الوداعی تقریر میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ میں ہمیشہ ملک کے شہریوں کا شکر گزار رہوں گا کہ انہوں نے مجھے صدر جمہوریہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع دیا۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل میں نے یہاں کے سنٹرل ہال میں صدر جمہوریہ کی حیثیت سے حلف لیا تھا، تمام ارکان پارلیمنٹ کے لیے میرے دل میں ایک خاص مقام ہے۔انہوں نے آزادی کے امرت مہوتسو، کرونا کے خلاف ریکارڈساز ویکسی نیشن کے لیے حکومت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کرونا وبا کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہم وبائی امراض سے سبق سیکھیں گے۔

مشکل وقت میں ہندوستان کی کوششوں کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔اپنی الوداعی تقریر میں صدر رام ناتھ کووند نے اپنی جانشین دروپدی مرمو کو مبارکباد پیش کیا، اور انہیں ایک متاثر کن شخصیت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جیت نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے کی علامت ہے،بلکہ معاشرے کے پسماندہ افراد کے لیے بھی ایک تحریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے اپنی منفرد اقدار، تجربے اور دانشمندی کا استعمال کریں گی۔خیال رہے کہ رام ناتھ کووند 2017 میں ہندوستان کے 14ویں صدر بنے تھے۔ رام ناتھ کووند این ڈی اے کے امیدوار تھے اور انہوں نے یو پی اے کی امیدوار اور لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار کو شکست دی تھی۔ صدر بننے سے پہلے وہ بہار کے گورنر اور راجیہ سبھا میں ممبر پارلیمنٹ بھی رہ چکے تھے۔


Share: